پٹنہ، 19؍ نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو یادو گجرات کے پاٹیدارو کی حمایت میں کھل کر سامنے آگے آئے ہیں۔لالو نے اتوار کو اپنی پارٹی کے عہدیداروں کے اجلاس میں کہا کہ پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل چونکہ بی جے پی کو چیلنج کر رہے ہیں، اس لئے ان کی مبینہ جنسی سی ڈی جاری کی گئی۔لالو نے اپنی تقریر میں کہا کہ مرکز کی مودی حکومت صرف اپنے مخالفین کے بال بچوں کو نشانے پر رکھ کر ان کے خلاف جانچ ایجنسی لگا کر انہیں پریشان کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت بدلتا ہے اور یہ سچ بی جے پی کے رہنماؤں کو سمجھنا چاہئے کہ آج جو وہ اپنے مخالفین کے ساتھ کر رہے ہیں وہ مستقبل میں ان کے خلاف بھی ہو سکتا ہے۔لالو نے کہا کہ اتوار کو ہاردک پٹیل سے ان کی بات ہوئی۔لالو کے مطابق تیجسوی اور میسا بھارتی ہاردک کے رابطے میں رہتے ہیں۔لالو نے وزیر اعلی نتیش کمار پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو صرف پاٹیدار ووٹوں کا بٹوارہ کرنے کے لئے وہاں کے انتخابات میں امیدوار دے گی۔ لالو نے نتیش سے پوچھا کہ آخر مرکز سے وزیر اعظم کی طرف سے اعلان شدہ پیکیج ،کتنی رقم ملی یہ ان لوگوں کو بتانا چاہئے۔لالو نے میڈیا کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جہاں امریکہ میں میڈیا صدر ٹرمپ کی خامیاں نکالنے میں لگی رہتی ہے، وہیں اپنے ملک میں مرکزی حکومت کے دباؤمیں میڈیا اپوزیشن کی غلطیاں نکالنے میں لگا ہے۔انہوں نے خاص طور پر بی جے پی کے صدر امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے خلاف ’دی وائر‘کے انکشافات کی بحث کی اور کہا کہ اس معاملے میں ہتک عزت کا مقدمہ کرکے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔اس کے بعد جس صحافی نے لکھا، اس کی کردار کشی کی جانے لگی۔